منگلورو ،18؍جولائی (ایس او نیوز)کچھ دنوں سے بی جے پی کے لیڈران آر ایس ایس رضاکارشرتھ مڈیوال کے قتل کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کرنے اور اس مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک یونٹ منگلورو میں قائم کرنے کا مطالبہ اخباری بیانات میں دہرا رہے تھے۔اب خبر آئی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ یڈی یورپا کی قیادت میں بی جے پی کے ایک وفد نے دہلی پہنچ کر مرکزی ہوم منسٹر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی ہے اور یڈی یورپا کے بیان کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے یقین دلایا ہے کہ شرتھ مڈیوال کیس کی تحقیقات این آئی اے سے کروائی جائے گی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق دہلی جانے والے اس وفد میں یڈی یورپا کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر سدانند گوڈا،اراکین پارلیمان شوبھا کرندلاجے اور نلین کمار کٹیل شامل تھے۔انہوں نے ایک میمورنڈم کے ذریعے ہوم منسٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ کرناٹکا میں بشمول شرتھ مرڈر کیس کے سیاسی مفادات کے تحت کیے گئے قتل کے ایسے24 معاملات کی تحقیقات این آئی اے سے کروائی جائے جن کو ابھی تک حل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میمورنڈم میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ کرناٹکا فار ڈیموکریسی اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا جیسی تنظیموں پر پابندی عائد کی جائے۔ہوم منسٹر سے ملنے والے وفد نے الزام لگایا کہ جب سے سدارامیا کی قیادت میں کرناٹکا میں کانگریس پارٹی کی حکومت بنی ہے ، تب سے سیاسی انتقام اور قتل و غارت گری روزانہ کا معمول بن گیا ہے۔
ہوم منسٹر سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے یڈی یورپا نے اپنے الزامات دہراتے ہوئے کہا کہ "ریاستی حکومت قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے انہیں بچانے کاکام کررہی ہے۔ہندو رضاکاروں کے جتنے بھی قتل ہوئے ہیں ان میں ایک ہی انداز اپنایا گیا ہے، جس سے لگتا ہے کہ قاتلوں کواس طرح قتل کرنے کی باقاعدہ تربیت دی جارہی ہے۔اسی لئے ہم سمجھتے ہیں کہ صرف این آئی اے کی تحقیقات سے ہی سچائی سامنے آئے گی۔"یڈی یورپا نے بتایا کہ ہوم منسٹر سے ملنے والا یہ وفد اس بات کا تیقن پانے میں کامیاب رہا ہے کہ شرتھ مڈیوال کیس کی تحقیقات این آئی اے کے حوالے کی جائے گی۔